کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع قلات کے پہاڑی علاقے شورپارود میں تقریباً 5 ہزار خاندانوں پر مشتمل 30 ہزار افراد کو 30 اکتوبر تک علاقہ خالی کرکے مقررہ کیمپوں میں منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق مقررہ مدت میں علاقہ خالی نہ کرنے والوں کے خلاف جبری بے دخلی کی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات نے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے متاثرہ آبادی کی منتقلی کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ ضیاء اللہ لانگو اور وزیراعلیٰ کے معاون شاہد رند بھی موجود تھے۔
محمد حمزہ شفقات کے مطابق متاثرہ خاندانوں کی منتقلی کے دوران خوراک، ادویات، خیموں اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ کمشنر خضدار کو کارروائی کی نگرانی اور امدادی سرگرمیوں میں رابطہ کاری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے مؤقف اختیار کیا کہ شورپارود کا پہاڑی علاقہ سرکاری ملکیت ہے، تاہم وہاں مقیم افراد کی جانب سے کیے جانے والے دعووں پر بھی مناسب غور کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات اور ریاست مخالف عناصر کی سرگرمیوں کے تناظر میں آبادی کی منتقلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو 30 اکتوبر تک منتقل ہونے کی مہلت دی گئی ہے، جس کے بعد انکار کرنے والوں کے خلاف جبری بے دخلی کا عمل شروع کیے جانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔