کوئٹہ: بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کا 13واں بورڈ اجلاس چیئرپرسن کرن بلوچ کی زیر صدارت کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں بورڈ کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، انہیں بااختیار بنانے، صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام اور کمیشن کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران بورڈ اراکین نے مختصر عرصے میں کمیشن کے قیام، ادارہ جاتی استحکام اور فعالیت کے لیے چیئرپرسن کرن بلوچ کی کاوشوں کو سراہا اور ادارے کی مزید بہتری کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن کرن بلوچ نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ، انہیں بااختیار بنانا اور معاشرے میں مساوی مواقع کی فراہمی کمیشن کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔ بلوچستان بھر میں خواتین کو درپیش مسائل کے حل، صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام اور انہیں قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن کو ایک فعال اور مؤثر ادارے کے طور پر مستحکم بنانے کے لیے بورڈ کے تمام اراکین کی تجاویز اور تعاون اہمیت رکھتے ہیں۔ کمیشن خواتین کے حقوق کے تحفظ، صنفی مساوات کے فروغ اور خواتین کو درپیش قانونی و سماجی مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اجلاس میں کمیشن کی آئندہ ترجیحات اور منصوبہ بندی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ خواتین کو بااختیار بنانے، خواتین کے خلاف صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام، حقوق کے تحفظ اور متعلقہ قوانین میں مجوزہ ترامیم کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے کمیشن کی استعدادِ کار بڑھانے، مستقبل کے اقدامات کو مؤثر بنانے اور بلوچستان بھر میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ادارے کے کردار کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ، مساوی مواقع کی فراہمی اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔