اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ شہری بنیادی ڈھانچے اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں، ایسے اقدامات نہ صرف علاقائی امن بلکہ استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے برادر ملک سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب کو اپنے شہریوں اور ملک میں مقیم تمام افراد کی حفاظت کا مکمل حق حاصل ہے۔
پاکستان خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے جاری تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔