کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سکھر میں ہونے والی سندھ ویژن کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران شرجیل انعام میمن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کانفرنس کے انتظامات مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں تاکہ شرکا کو سندھ حکومت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور اقدامات سے آگاہ کیا جا سکے۔
سینئر وزیر کے مطابق کانفرنس میں ملک بھر سے معروف صحافیوں، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور کاروباری شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
اجلاس میں صحافیوں اور میڈیا اداروں کو درپیش مسائل، صحافتی شعبے کی بہتری، میڈیا سے متعلق امور اور محکمہ اطلاعات کی کارکردگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت صحافت کے فروغ، آزادی اظہار کے تحفظ اور صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صحافی معاشرے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کے مسائل اور صحافتی اداروں سے متعلق معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے۔
اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ محمد یوسف کابورو، ڈپٹی ڈائریکٹر سارنگ لطیف چانڈیو سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔