اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے واضح کیا ہے کہ سہیل آفریدی ہی خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ رہیں گے اور ان کے مستقبل سے متعلق کوئی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کی مشاورت کے بغیر نہیں کیا جا سکتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ انہیں اپنے اراکین صوبائی اسمبلی، خصوصاً خیبرپختونخوا کے ارکان پر فخر ہے، جو گزشتہ دو سال سے پارٹی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنید اکبر پارٹی کے صدر تھے اور بدستور صدر رہیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی انہوں نے خود جاری کیا تھا۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق آئین کے تحت صدر کی عدم موجودگی میں سینئر نائب صدر ذمہ داریاں سنبھالتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ پارٹی اجلاسوں کی صدارت سینئر نائب صدر نور الحق قادری کریں گے، جبکہ دیگر تنظیمی امور خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری علی اصغر خان دیکھیں گے۔
بیرسٹر گوہر علی خان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی واپسی تک خیبرپختونخوا کی تنظیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ابہام دور کرنے کے لیے اراکین سے تفصیلی بات چیت کی گئی ہے اور اس حوالے سے آج یا کل باضابطہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا جائے گا۔