اسلام آباد: پاکستان آج سے 26 نومبر تک اسلام آباد میں جوہری سلامتی سے متعلق عالمی نیٹ ورک کے 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس میں 49 رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق انٹرنیشنل نیٹ ورک فار نیوکلیئر سکیورٹی ٹریننگ اینڈ سپورٹ سینٹرز کا یہ اجلاس بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
چار روزہ اجلاس میں جوہری سلامتی کے شعبے میں تربیت کے معیار کو بہتر بنانے، عالمی سطح پر تعاون بڑھانے اور مختلف ممالک کے تجربات سے استفادہ کرنے کے امور زیر بحث آئیں گے۔
اجلاس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے، رابطہ کاری اور تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے کے ذریعے جوہری سلامتی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں عالمی اجلاس کی میزبانی پاکستان کے اس عزم کا اظہار ہے کہ بین الاقوامی تعاون کے ذریعے جوہری سلامتی کو فروغ دیا جائے۔ پاکستان عالمی شراکت داریوں اور تربیتی اقدامات کے ذریعے جوہری تحفظ اور سلامتی کی اہمیت اجاگر کرتا رہا ہے۔
اجلاس میں شریک ممالک اور متعلقہ اداروں کو جوہری سلامتی کے حوالے سے درپیش نئے چیلنجز کا جائزہ لینے اور مؤثر حکمت عملیوں کے تبادلے کا موقع ملے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان 2016 میں بھی اس نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کر چکا ہے۔ اس وقت اسلام آباد ویانا میں آئی اے ای اے کے صدر دفتر سے باہر اجلاس کی میزبانی کرنے والا پہلا شہر بنا تھا۔