پیرس: فرانس میں مہنگائی اور قوتِ خرید میں کمی کے خلاف مزدور تنظیموں کی اپیل پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا، جس کے دوران پولیس نے 135 افراد کو گرفتار کرلیا، جب کہ ملک بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 70 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی حکام کو خدشہ ہے کہ گزشتہ ہفتے ہونے والے پُرتشدد مظاہروں کے دوران لوٹ مار، توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات دوبارہ پیش آسکتے ہیں، جس کے باعث سکیورٹی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے پُرتشدد واقعات کے بعد فرانس کے مختلف شہروں میں احتجاج پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ لیون میں پابندی کے باوجود مظاہرہ کرنے والے افراد کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔
فرانس کے وزیر داخلہ کے مطابق ہفتے کے روز ہونے والے احتجاج کے دوران پولیس نے مختلف اقسام کے ہتھیار بھی ضبط کیے، جب کہ مجموعی طور پر 135 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
یلو ویسٹس تحریک، مزدور تنظیموں اور طلبہ کی جانب سے ملک بھر میں 700 سے زائد مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ مارسیے میں احتجاج پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے مزدور تنظیموں کو ریلی نکالنے کی اجازت دے دی گئی، جب کہ سٹراسبرگ میں بھی مظاہرے شیڈول ہیں۔
دوسری جانب نینسی، میتز، بیزانسوں، بیلفور، روآن، لی آوور، ٹولون اور لیموژ سمیت متعدد شہروں میں احتجاج پر پابندیاں برقرار ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نئے مظاہروں کے دوران گزشتہ ہفتے جیسے پُرتشدد واقعات دوبارہ رونما ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے فرانس میں ہونے والے پُرتشدد مظاہروں کے دوران پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے تھے، جب کہ 3 ہزار سے زائد دکانوں کو نقصان پہنچنے اور لوٹ مار کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے تھے۔ مہنگائی اور قوتِ خرید میں کمی کے خلاف جاری احتجاج کے باعث فرانسیسی حکام نے سکیورٹی اور امن و امان کے انتظامات مزید سخت کردیے ہیں۔