تہران: ایران میں معروف گلوکارہ پراستو احمدی اور ان کے چار ساتھیوں کو عدالتی حکم پر 74، 74 کوڑے مار دیے گئے، گلوکارہ کو بغیر حجاب اور نامناسب لباس میں گانے کی پرفارمنس دینے پر سزا کا سامنا کرنا پڑا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 29 سالہ گلوکارہ اور ان کے چار مرد ساتھیوں کو پیر کے روز شہر قم میں سزا دی گئی،
جبکہ گلوکارہ کے وکیل نے بھی سزا پر عمل درآمد کی تصدیق کردی ہے۔
یہ مقدمہ دسمبر 2024 میں اس وقت شروع ہوا جب پراستو احمدی نے یوٹیوب پر ایک آن لائن کنسرٹ نشر کیا، جس میں انہوں نے حجاب کے بغیر پرفارم کیا تھا اور ان کے ساتھ مرد موسیقار بھی موجود تھے۔
رواں سال جون میں قم کی فوجداری عدالت نے گلوکارہ اور ان کے ساتھیوں کو عوامی اخلاق کے خلاف مواد تیار اور نشر کرنے کے الزام میں سزا سنائی تھی، جبکہ ستمبر میں اپیل مسترد ہونے کے بعد فیصلہ برقرار رکھا گیا۔
عدالتی فیصلے کے تحت کوڑوں کی سزا کے علاوہ گلوکارہ اور ان کے ساتھیوں پر دو سال تک موسیقی اور فنکارانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے اور بیرون ملک سفر کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔
دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں اور فنکاروں نے اس سزا پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر انسانی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔