اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کے درمیان آج ملاقات طے پا گئی ہے، جس میں پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں دوپہر کے وقت ہوگی، جس میں جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ بھی شریک ہوں گے، جبکہ جماعت کی مذاکراتی ٹیم کے دیگر ارکان کی شرکت بھی متوقع ہے۔
حکومتی وفد میں وفاقی وزیر احسن اقبال، وفاقی وزیر علی پرویز ملک اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ بھی شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا، تاہم وزیراعظم کی جانب سے رابطے اور ملاقات کی دعوت ملنے کے بعد مارچ مؤخر کر دیا گیا تھا۔
مجوزہ ملاقات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، عوام کو ممکنہ ریلیف اور پٹرولیم لیوی کے خاتمے سے متعلق حکومتی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔