لاہور: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 2026-27 کے لیے پولنگ کا آغاز ہوگیا، جہاں ملک بھر سے 4 ہزار 634 وکلا اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
صدارتی نشست پر احسن بھون گروپ کے امجد علی شاہ اور حامد خان گروپ کے سردار امان خان کے درمیان مقابلہ ہے، جبکہ لاہور میں سب سے زیادہ ایک ہزار 498 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
راولپنڈی اور اسلام آباد سے 864 وکلا ووٹ ڈالیں گے، جبکہ سندھ کے 600 سے زائد وکلا بھی انتخابی عمل میں حصہ لیں گے۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں پولنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
سندھ میں نائب صدر کی نشست پر عبدالوہاب بلوچ اور جام آصف آمنے سامنے ہیں، جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی کی دو نشستوں کے لیے چار امیدوار میدان میں ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں پولنگ تاخیر کا شکار ہوگئی۔ پریذائیڈنگ افسر اشتیاق میمن کے مطابق الیکشن کمیشن کا عملہ پولنگ ایجنٹس کا منتظر ہے، جن کی موجودگی میں بیلٹ میٹریل کی سیل کھولی جائے گی۔