بولیدہ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن قابلِ تحسین ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوششیں جاری رہنی چاہئیں: بابر یوسفزئی
کوئٹہ: معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے ضلع کیچ کے علاقے میناز، بولیدہ میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کیلئے سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔
بابر یوسفزئی کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا اور موقع سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سیکیورٹی فورسز کی خدمات لائقِ تحسین ہیں۔
معاون برائے داخلہ نے کہا کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیاں امن دشمن عناصر کے خلاف مؤثر پیش رفت ہیں۔ بلوچستان کے عوام امن کے قیام کیلئے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صوبے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کر رہے ہیں۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے ان اداروں کی کوششوں کا تسلسل ضروری ہے۔
بابر یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کا حصول سیکیورٹی اداروں کی مؤثر کارروائیوں سے جڑا ہے۔ عوام کے تحفظ اور امن دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون ناگزیر ہے۔