کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خاران میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چیک پوسٹ پر ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنا دی اور پانچ ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے ضلع خاران کے علاقے البٹ میں قائم سکیورٹی چیک پوسٹ کو کم درجے کے ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے تمام پانچوں ڈرونز مار گرائے، جس کے نتیجے میں حملے کی کوشش ناکام ہو گئی۔ واقعے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث دہشتگرد اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہو سکے۔
سکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔