واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ معاہدے پر بات چیت کے لیے ایرانی قومی سلامتی کے سربراہ محسن رضائی سے براہ راست ملاقات کی پیشکش کر دی۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ محسن رضائی کو ایران کے ساتھ کسی ممکنہ معاہدے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے اہم شخصیت تصور کرتی ہے۔
رپورٹ میں ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس حکام کا خیال ہے کہ محسن رضائی ایران کے سپریم لیڈر کے زیادہ قریب ہیں، جس کے باعث انہیں مذاکرات کے لیے اہم رابطہ کار سمجھا جا رہا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ممکنہ ملاقات استنبول یا دوحہ میں ہو سکتی ہے، جبکہ جے ڈی وینس نے گزشتہ ہفتے محسن رضائی کو ایک خط بھی ارسال کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق خط میں دونوں ممالک کے قومی مفادات کو مذاکرات کی بنیاد بنانے پر زور دیا گیا اور واضح کیا گیا کہ امریکا کی بنیادی ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔
امریکی تجویز کے مطابق اگر ایران اپنا جوہری پروگرام روکنے پر آمادہ ہو جاتا ہے تو اس کے بدلے ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کی جا سکتی ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ قطر بھی دونوں ممالک کے درمیان رابطوں اور ممکنہ مذاکرات میں اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور ایرانی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔