لاس اینجلس: ہالی ووڈ اور تھیٹر کی دنیا کے معروف برطانوی اداکار سر پیٹرک سٹیورٹ 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، ان کی وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر سے فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات اور خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق سر پیٹرک سٹیورٹ نے لاس اینجلس میں اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔ ان کا فنی سفر تقریباً سات دہائیوں پر محیط تھا، جس دوران انہوں نے فلم، ٹیلی ویژن، ویسٹ اینڈ اور براڈوے کے اسٹیج پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
رائل شیکسپیئر کمپنی نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک عظیم فنکار اور غیر معمولی شخصیت قرار دیا۔ دوسری جانب لاس اینجلس میں مداح ہالی ووڈ واک آف فیم پر ان کے نام سے منسوب ستارے کے قریب جمع ہو کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
سر پیٹرک سٹیورٹ کی وفات پر معروف اداکار سر ایئن میک کیلن نے انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے انسان تھے جن کی تعریف کی جا سکتی تھی اور جن سے محبت بھی کی جا سکتی تھی۔
فلم اسٹار ٹریک میں ان کے ساتھی اداکار ولیم شیٹنر نے کہا کہ سٹیورٹ ہماری بہترین اقدار کی نمائندگی کرتے تھے، جبکہ جارج ٹاکی نے انہیں ایک ایسا لیجنڈ قرار دیا جس کا کوئی متبادل نہیں ہو سکتا۔
اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سر پیٹرک سٹیورٹ کی خاص صلاحیت یہ تھی کہ وہ انتہائی طاقتور کرداروں کو بھی انسانی جذبات، نرمی اور حساسیت کے ساتھ پیش کرتے تھے۔
اکیڈمی کے مطابق ان کی اداکاری میں ایسی اپنائیت اور گہرائی تھی کہ ناظرین ان کے کرداروں کو اپنا جاننے لگتے تھے۔ ان کی منفرد آواز کے پیچھے ایک ایسا فنکار موجود تھا جو یہ سمجھتا تھا کہ عظیم ہیرو بھی غیر یقینی کا شکار ہو سکتے ہیں اور طاقت کے ساتھ کمزوری بھی موجود ہو سکتی ہے۔
سر پیٹرک سٹیورٹ نے اپنے طویل فنی کیریئر میں متعدد اعزازات حاصل کیے، جن میں ایک گریمی ایوارڈ اور دو لارنس اولیویئر ایوارڈز شامل ہیں۔ اگرچہ انہیں کبھی آسکر ایوارڈ نہیں ملا، تاہم فلم، ٹیلی ویژن اور تھیٹر کی دنیا میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
[…] میں شریک ملکی اور بین الاقوامی فنکاروں نے موسیقی اور فن کے ذریعے شرکاء کو خوب محظوظ کیا، […]