غزہ: فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ میں جنگ بندی معاہدے کو ایک سال مکمل ہونے کے باوجود زمینی حالات میں کوئی نمایاں بہتری نہیں آ سکی۔ اگرچہ اسرائیل نے حملوں کی شدت میں کمی کی ہے، لیکن مختلف علاقوں میں فضائی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں اور اسرائیلی افواج غزہ کے تقریباً 70 فیصد علاقے پر کنٹرول برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
اسرائیل کا 70 فیصد علاقے پر کنٹرول برقرار؛ بین الاقوامی فورسز کی عدم تعیناتی اور امداد میں رکاوٹوں سے انسانی بحران میں اضافہ
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 2026 کے وسط تک غزہ کی 82 فیصد عمارتیں یا تو شدید متاثر ہو چکی تھیں یا مکمل طور پر زمین بوس ہو گئی تھیں۔ جنگ بندی معاہدے کے باوجود تباہ حال غزہ کی تعمیرِ نو کا کام تاحال شروع نہیں ہو سکا، جس کی وجہ سے لاکھوں بے گھر فلسطینی شدید موسم میں خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
غزہ کے رہائشیوں کو صاف پانی، خوراک اور مالی امداد کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ گنجان آباد عارضی کیمپوں میں صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے مہلک بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے داخلی راستوں پر سخت کنٹرول اور امدادی سامان کی انتہائی محدود آمد کے باعث بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام فلسطینیوں کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ مقامی ڈاکٹروں اور بے گھر شہریوں کا کہنا ہے کہ کاغذی اقدامات کے باوجود ان کی روزمرہ کی زندگی میں کوئی مثبت تبدیلی نہیں آئی۔
جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے تحت غزہ کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیاں اور ایک بین الاقوامی فورس کی تعیناتی شامل تھی، تاہم اس بین الاقوامی فورس نے تاحال علاقے میں اپنا کام شروع نہیں کیا۔ جنگ بندی کو طویل عرصہ گزرنے کے بعد بھی تعمیر نو، بنیادی سہولیات کی بحالی اور بے گھر افراد کی آبادکاری سب سے بڑے چیلنجز بنے ہوئے ہیں، جبکہ عام فلسطینی شہری مستقل امن اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے منتظر ہیں۔