تہران: ایرانی نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ میناب اسکول پر امریکی حملے کی تحقیقات کے لیے متعدد غیر ملکی قانونی ٹیموں نے کام شروع کر دیا ہے، جبکہ اس سانحے کے خلاف متعلقہ ممالک کی عدالتوں میں امریکا کے خلاف مقدمات بھی دائر کیے جا چکے ہیں۔
امریکی حملے میں 168 افراد شہید ہوئے؛ ایرانی عدلیہ نے باضابطہ فردِ جرم جاری کر دی: کاظم غریب آبادی
کاظم غریب آبادی نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف امریکی جارحیت کے پہلے ہی روز بچوں سے بھرے میناب اسکول پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں طلبہ، اساتذہ اور والدین سمیت 168 افراد شہید ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس المناک واقعے پر ایرانی عدلیہ نے باضابطہ طور پر فردِ جرم جاری کر دی ہے اور تہران حکومت مزید غیر ملکی عدالتوں میں بھی امریکا کے خلاف مقدمات دائر کرنے کی مکمل تیاری کر رہی ہے۔
ایرانی نائب وزیرِ خارجہ نے اسکول پر حملے کو انسانیت کے خلاف کھلم کھلا جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کو اس سانحے کا مکمل جواب دہ ٹھہرانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے عالمی سطح پر مزید قانونی چارہ جوئی ہونی چاہیے۔ کاظم غریب آبادی نے واضح کیا کہ ایران امریکی مظالم کے خلاف عالمی عدالتوں میں قانونی جنگ لڑنے والے غیر ملکی وکلا کو تمام ضروری شواہد اور دستاویزات فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔