Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بلوچستان ہائیکورٹ کا سمنگلی روڈ توسیعی منصوبہ جاری رکھنے کا حکم، معاوضے میں تاخیر رکاوٹ نہ بنے

 کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے سمنگلی روڈ کی توسیع میں حائل رکاوٹوں کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اراضی کے معاوضے کی ادائیگی میں تاخیر کو ترقیاتی کام روکنے کا جواز نہ بنایا جائے اور شہریوں کی سہولت کے لیے منصوبے پر کام جاری رکھا جائے۔

چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے آئینی درخواست نمبر 824/2016 کی سماعت کے دوران منصوبے کی پیش رفت اور متعلقہ اداروں کی تعمیلی رپورٹس کا جائزہ لیا۔

سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ زرغون روڈ پر اسفالٹک ویئرنگ کورس کا کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ سائن بورڈز کی تنصیب اور یک طرفہ ٹریفک کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے یو ٹرنز پر اسپائکس لگانے کا کام جاری ہے۔ اسپائکس کی تنصیب مکمل کرنے کے لیے 30 اکتوبر 2026 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

سمنگلی روڈ کی توسیع کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ کام ان حصوں میں جاری ہے جہاں اضافی اراضی درکار نہیں، تاہم کنٹونمنٹ بورڈ کوئٹہ کے ساتھ تعاون اور اراضی کے حصول سے متعلق معاملات کے باعث سڑک کو مجوزہ چوڑائی تک وسیع کرنے کا کام شروع نہیں ہو سکا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ اضافی اراضی کے معاوضے کا تخمینہ لگانے کے معاملے پر وزیراعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں تخمینہ جلد مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں ادارہ جاتی اختلافات اور معاوضے کی ادائیگی سے متعلق معاملات ترقیاتی کاموں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے چاہییں۔ سمنگلی روڈ کی توسیع سے کوئٹہ کے شہریوں کے علاوہ کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقے میں رہنے والے افراد بھی مستفید ہوں گے، اس لیے متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے مسائل حل کریں۔

عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر اجلاس طلب کرکے اراضی کے حصول، معاوضے کی ادائیگی اور دیگر معاملات پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے، منصوبے پر کام جاری رکھا جائے اور عمل درآمد سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔

عدالت نے حکم نامے کی نقل چیف سیکرٹری بلوچستان اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری کو اطلاع اور عمل درآمد کے لیے ارسال کرنے کی بھی ہدایت کی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
2 تبصرے
  1. […] یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان کے روشن مستقبل کے لیے امن، اتحاد، برداشت اور ترقی کے […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More