کوئٹہ: اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے کہا ہے کہ گورنر راج کا نفاذ آئینِ پاکستان کا حصہ ہے، اس لیے اسے غیر آئینی اقدام قرار دینا درست نہیں۔ اگر کوئی صوبائی حکومت اپنے فرائض مؤثر انداز میں انجام دینے میں ناکام ہو تو آئینی تقاضوں کے مطابق گورنر راج کے نفاذ پر غور کیا جا سکتا ہے۔
اپنے بیان میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ موجودہ حالات میں خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی اور حکومتی امور چلانے کی صلاحیت پر سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں۔ دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے سے نمٹنے کے لیے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے، تاہم اگر صوبائی حکومت تعاون نہ کرے تو گورنر راج جیسے آئینی اقدام پر غور ناگزیر ہو سکتا ہے۔
کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے معاملے کو آئینی اور قانونی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے، نہ کہ اسے محض سیاسی تنقید کا موضوع بنایا جائے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ بلوچستان میں بھی 2013 میں گورنر راج نافذ کیا گیا تھا، اس لیے اس آئینی اقدام پر بات کرنا کوئی غیر معمولی امر نہیں۔ ان کے مطابق گورنر راج آئین میں موجود ایک انتظامی و آئینی طریقہ کار ہے، جس پر سیاسی اختلاف ہو سکتا ہے، تاہم اسے غیر معمولی معاملہ قرار دینا مناسب نہیں۔
اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتوں کی بنیادی ذمہ داری عوام کو انتظامی استحکام اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ آئینی معاملات پر بحث سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر حقائق اور آئین کی روشنی میں ہونی چاہیے، جبکہ کسی بھی صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کا فیصلہ آئین میں درج طریقۂ کار اور متعلقہ قانونی تقاضوں کے مطابق کیا جانا چاہیے۔
[…] نے خیبر پختونخوا حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ […]