وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام میں بہتری، ورکرز اور مشینری کی کمی دور کرنے، بیٹ سسٹم نافذ کرنے اور غیر مؤثر نجی کمپنیوں کو فارغ کرنے کے لیے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔
مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی، صفائی کی صورتحال، ویسٹ کلیکشن اور ٹرانسپورٹ فلو سسٹم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ مختلف تحصیلوں میں صفائی سے متعلق رپورٹس بھی چیک کی گئیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صفائی کے ورکرز کو تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹرز کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی کا بوجھ ورکرز پر نہیں ڈالا جائے گا۔ اجلاس میں نادہندہ کمپنیوں سے ورکرز کے واجبات وصول کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کام نہ کرنے والی نجی کمپنیوں کو فارغ کرکے ایک ہفتے کے اندر سرکاری سطح پر متبادل صفائی آپریشن فعال کیا جائے گا۔ پنجاب بھر میں ستھرا پنجاب کا بیٹ سسٹم بھی سات روز میں نافذ کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی۔
مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ 80 فیصد سے کم کارکردگی دکھانے والی صفائی کمپنیوں کو وارننگ دی جائے، جبکہ 50 فیصد سے کم کارکردگی پر متعلقہ کمپنیوں کو فارغ کیا جائے۔ دیہی علاقوں میں متبادل ایام میں صفائی اور کچرے کے ڈھیروں کو بروقت اٹھانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے ہر تحصیل میں افرادی قوت، مشینری اور فیلڈ مانیٹرنگ افسران کی کارکردگی سے متعلق ہفتہ وار تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ اجلاس میں صفائی کے عملے کی نگرانی اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے خصوصی موبائل ایپ متعارف کرانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے ہر ڈویژن میں اینٹی لٹرنگ سکواڈ فعال ہے، جو اب تک 2 لاکھ 64 ہزار وزٹ کر چکے ہیں۔ سکواڈز کی جانب سے صفائی کے ضابطوں کی خلاف ورزیوں پر وارننگز جاری کرنے کے ساتھ شہریوں میں آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
مریم نواز شریف نے ضلع چکوال میں صفائی کی صورتحال پر ڈپٹی کمشنر سارہ حیات اور ان کی ٹیم کو سراہا اور صوبے بھر میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔