اسرائیل نے اپنی فوجی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے جدید جنگی ہیلی کاپٹر خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔ اسرائیلی اخبار ٹائمز اسرائیل کے مطابق حکومت نے دفاعی خریداری کے لیے وزارتِ دفاع کو ایک ارب شیکل منتقل کرنے کی منظوری دی، جس کے بعد معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
اسرائیلی حکومت نے دفاعی خریداری کے لیے ایک ارب شیکل کی منظوری دے دی، امریکی کمپنی بوئنگ سے اے ایچ 64 ای اپاچی جنگی ہیلی کاپٹر حاصل کیے جائیں گے، ترسیل 2030 کی دہائی کے آغاز میں متوقع ہے۔
معاہدے کے تحت امریکی کمپنی بوئنگ اسرائیلی فضائیہ کو اے ایچ 64 ای اپاچی جنگی ہیلی کاپٹر فراہم کرے گی۔ یہ اپاچی ہیلی کاپٹر کا جدید ترین ماڈل ہے، جسے اسرائیلی حکام نے ملکی دفاعی ضروریات کے لیے اہم قرار دیا ہے۔
اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے معاہدے کو فوجی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے ہیلی کاپٹر مختلف خطرات سے نمٹنے کے لیے اسرائیلی فوج کی عملی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں مدد دیں گے۔
اسرائیلی فضائیہ کے حکام کے مطابق ہیلی کاپٹروں کی خریداری کا فیصلہ 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملوں اور اس کے بعد غزہ میں ہونے والی لڑائی سے حاصل ہونے والے تجربات کی روشنی میں کیا گیا۔
اے ایچ 64 ای اپاچی جنگی ہیلی کاپٹر زمینی اہداف کو نشانہ بنانے، فوجی دستوں کو فضائی مدد فراہم کرنے اور مختلف فوجی کارروائیوں میں استعمال ہوتا ہے۔ معاہدے کے تحت ان ہیلی کاپٹروں کی ترسیل 2030 کی دہائی کے آغاز میں شروع ہونے کی توقع ہے۔