اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ ونگز کو انتخابی شیڈول فوری جاری کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات اپریل 2027 میں کرانے کی تجویز کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے صوبے میں انتخابات کا ڈرافٹ پروگرام منظوری کے لیے فوری پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں کمیشن کے ارکان نثار درانی، بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ر) اکرام اللہ خان سمیت سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق پنجاب حکومت نے کمیشن کے خط کے جواب میں 14 اکتوبر کو اپنا مؤقف پیش کیا تھا۔ صوبائی حکومت کا کہنا تھا کہ دسمبر میں دھند اور سرد موسم جبکہ فروری میں رمضان المبارک کے باعث بلدیاتی انتخابات تین مراحل میں کرانے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں، اس لیے انتخابات اپریل 2027 میں کرائے جائیں۔
تاہم الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔
اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کے درمیان الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219 کے تحت 20 اگست کو مشاورت مکمل ہوئی تھی۔ اس دوران پنجاب حکومت نے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 تک بلدیاتی انتخابات کرانے پر رضامندی ظاہر کی تھی، لیکن اب صوبائی حکومت پہلے سے طے شدہ مجوزہ تاریخوں میں تبدیلی چاہتی ہے۔
الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا اور متعلقہ ونگ کو ہدایت کی کہ انتخابی پروگرام منظوری کے لیے فوری پیش کیا جائے تاکہ شیڈول جاری کرنے کا عمل آگے بڑھایا جا سکے۔
اپریل 2027 میں انتخابات کرانے کی پنجاب حکومت کی تجویز مسترد
اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابی افسران کی مطلوبہ فہرستیں فراہم نہ کرنے پر بھی مایوسی کا اظہار کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی حکومت سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی فہرستیں طلب کی گئی تھیں، تاہم یہ فہرستیں فراہم نہیں کی گئیں۔
کمیشن نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ مطلوبہ فہرستیں ایک ہفتے کے اندر فراہم کی جائیں تاکہ انتخابی انتظامات میں مزید پیش رفت کی جا سکے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے کنٹونمنٹس میں بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور متعلقہ ونگ کو انتخابی شیڈول جاری کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کنٹونمنٹ انتخابات کے معاملے پر 15 اپریل کو ایڈیشنل سیکرٹری دفاع اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز کے ساتھ مشاورت ہوئی تھی۔ اس موقع پر سیکرٹری دفاع کو ہدایت کی گئی تھی کہ معاملہ وفاقی حکومت کے سامنے سمری کی صورت میں پیش کیا جائے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی حکومت سے کنٹونمنٹ ایکٹ 1924 کی دفعہ 19-ڈی کے تحت درخواست دینے کا بھی کہا گیا تھا۔ اس سلسلے میں وزارت دفاع کو متعدد یاددہانی خطوط ارسال کیے گئے، جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کو بھی خط لکھا، تاہم خاطرخواہ جواب موصول نہیں ہوا۔
الیکشن کمیشن نے اس صورت حال کے پیش نظر کنٹونمنٹس میں بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمیشن کی ہدایات کے بعد پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کی تیاری اور متعلقہ انتظامی اقدامات میں پیش رفت متوقع ہے۔
[…] کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پہلے […]
[…] پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان سائنسدانوں […]
[…] نے خبردار کیا کہ پنجاب میں بدمعاشی کلچر برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ منشیات […]
[…] بخاری نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ کالعدم جماعتوں کی مبینہ سیاسی […]