Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

امریکا، ایران جنگ سے عراق کو 60 ارب ڈالر کا نقصان

 بغداد: مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث عراق کو تقریباً 60 ارب ڈالر کا معاشی نقصان پہنچا ہے، جبکہ تیل کی برآمدات میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں گراوٹ اور مہنگائی نے ملکی معیشت کو شدید دباؤ سے دوچار کردیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی وزیر خارجہ فواد حسین نے روم میں اپنے اطالوی ہم منصب سے ملاقات کے دوران خطے میں جاری کشیدگی کے عراقی معیشت پر اثرات سے آگاہ کیا۔

عراقی وزارتِ تیل کے اعداد و شمار کے مطابق یکم سے 21 ستمبر کے دوران ملک کی تیل کی برآمدات یومیہ 26 لاکھ بیرل رہیں۔ عراق کی معیشت کا زیادہ تر انحصار تیل پر ہے، جو حکومتی آمدنی کا تقریباً 90 فیصد فراہم کرتا ہے۔

 تیل کی برآمدات میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں 20 ارب ڈالر کی گراوٹ اور مہنگائی سے عراقی معیشت دباؤ کا شکار

 

رپورٹ کے مطابق معاشی مشکلات کے باعث عراق کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 20 ارب ڈالر کی کمی ہوئی، جبکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

معاشی دباؤ کم کرنے کے لیے عراقی مرکزی بینک نے گزشتہ ہفتے تین سال سے زائد عرصے میں پہلی مرتبہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں عراقی دینار کی قدر میں کمی کی۔

عراق تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والے ڈالر درآمدات کی ادائیگی، ملکی کرنسی کو مستحکم رکھنے اور سرکاری ملازمین و پنشنرز کی تنخواہیں ادا کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ تیل کی برآمدات متاثر ہونے سے ان مالی ذمہ داریوں کی ادائیگی مزید مشکل ہوگئی ہے۔

حکام کے مطابق عراق نے 2037 تک غیر تیل ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدنی کا حصہ موجودہ 10 فیصد سے بڑھا کر 45 فیصد کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، تاکہ ملکی معیشت کا تیل پر انحصار کم کیا جاسکے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جنگ کے دوران تیل کی پیداوار میں نمایاں کمی کے بعد گزشتہ ماہ عراق کی برآمدات میں معمولی بہتری آئی، تاہم ملک کو اب بھی سنگین معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] نے عراق میں اپنی فوجی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ مشرق […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More