لاہور ہائیکورٹ نے ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحان میں امیدواروں سے سوالیہ پرچے واپس لینے کے اقدام کے خلاف درخواست پر تحریری حکم جاری کرتے ہوئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کو پنجاب میں منعقدہ امتحان کے تمام سوالیہ پرچے اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس سید احسن رضا کاظمی کی جانب سے جاری تحریری فیصلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ سوالیہ پرچے داخلوں کا عمل مکمل ہونے تک عوامی طور پر دستیاب رکھے جائیں اور اس حکم پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔ عدالت نے امیدواروں کو سوالیہ پرچوں پر اعتراضات اٹھانے کا موقع فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
داخلوں کا عمل مکمل ہونے تک پرچے عوامی رسائی میں رکھنے کی ہدایت، امیدواروں کو اعتراضات اٹھانے کا موقع دینے کا حکم
درخواست گزار نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے 10 ستمبر 2026 کو جاری کردہ مراسلے کو چیلنج کیا تھا، جس میں جامعات کو 20 ستمبر 2026 کو ایم ڈی کیٹ کا امتحان مکمل ہونے کے بعد سوالیہ پرچے واپس لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔ درخواست میں یو ایچ ایس لاہور کی ویب سائٹ پر سوالیہ پرچے دستیاب نہ کرانے کے اقدام کو بھی چیلنج کیا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سوالیہ پرچوں کے تمام کوڈز اور پیپر آئی ڈیز ویب سائٹ پر جاری کیے جائیں اور امیدواروں کو اپنی جوابی شیٹس پر نظرثانی کے لیے مناسب موقع فراہم کیا جائے۔ وکیل کے مطابق گزشتہ برسوں میں امیدواروں کو سوالیہ پرچے اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت تھی، جبکہ امریکا، برطانیہ، نیوزی لینڈ اور بھارت میں بھی امیدواروں کو سوالیہ پرچے اپنے پاس رکھنے کی اجازت دی جاتی ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق یو ایچ ایس کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کو عدالت سے رجوع کرنے سے پہلے متعلقہ حکام سے رابطہ کرنا چاہیے تھا۔ تاہم، سماعت کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ یو ایچ ایس کی گائیڈ میں سوالیہ پرچے ساتھ لے جانے کی اجازت موجود تھی اور انہیں واپس نہ لے جانے کے حوالے سے کوئی باضابطہ مراسلہ جاری نہیں کیا گیا تھا۔
پی ایم ڈی سی کے وکیل نے سوالات کے ذخیرے کی رازداری اور تحفظ برقرار رکھنے کے لیے ہدایات جاری کرنے کا مؤقف پیش کیا، تاہم سوالات کے ذخیرے کے ختم ہونے، امتحانی تحفظ، نقل یا جانچ کے عمل کو نقصان پہنچنے کے خدشات کی وضاحت نہیں کی گئی۔
عدالت نے قرار دیا کہ کوئی بھی سرکاری ادارہ قانون اور آئین سے بالاتر نہیں، جبکہ آئین کے آرٹیکل 4 اور 25 کے تحت سرکاری اداروں کو اپنے اختیارات قانونی طور پر استعمال کرنے اور امتیازی کارروائی سے گریز کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔
تحریری حکم میں کہا گیا کہ سوالیہ پرچے امیدواروں سے واپس لینے کے لیے مناسب وجوہات بیان نہیں کی گئیں، جبکہ یہ معاملہ امتحان میں شریک تمام امیدواروں کے حقوق کو متاثر کرتا ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ یہ حکم صرف پنجاب میں منعقد ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2026 کے سوالیہ پرچوں تک محدود ہوگا۔