کوئٹہ: بلوچستان صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ماہی گیری (فشریز) نے بلوچستان فشریز اینڈ ایکوا کلچر بل 2026 کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے مجوزہ قانون سازی سے متعلق اپنی سفارشات مرتب کرلیں، جنہیں مزید غور و خوض اور منظوری کے لیے ایوان میں پیش کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
قائمہ کمیٹی کا اجلاس بلوچستان صوبائی اسمبلی کے کمیٹی روم میں چیئرمین مولانا ہدایت الرحمٰن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی اراکین ظہور احمد بلیدی، عبدالمجید بادینی اور سید ظفر علی آغا سمیت سیکرٹری صوبائی اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، سیکرٹری فشریز طارق قمر بلوچ، اسپیشل سیکرٹری عبدالرحمٰن اور ڈپٹی سیکرٹری قانون احسان برکت نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران بلوچستان فشریز اینڈ ایکوا کلچر بل 2026 کی مختلف شقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ مجوزہ بل کا مقصد ماہی گیری اور آبی زراعت سے متعلق موجودہ قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا، آبی وسائل کے پائیدار استعمال کو فروغ دینا اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مؤثر بنانا ہے۔
اجلاس میں نشاندہی کی گئی کہ بلوچستان فشریز آرڈیننس 1961، بلوچستان سی فشریز آرڈیننس 1971، پسنی فشریز ہاربر اتھارٹی آرڈیننس 1983 اور بلوچستان کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 1998 سمیت مروجہ قوانین میں وقت کے ساتھ نظرثانی کی ضرورت پیدا ہوئی ہے۔ شرکاء کے مطابق قانونی و انتظامی پیچیدگیوں اور مختلف اداروں کے اختیارات میں تداخل کے باعث ایک مربوط قانونی نظام کی تشکیل اہمیت اختیار کرگئی ہے۔
کمیٹی اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بلوچستان کے وسیع ساحلی وسائل کے تحفظ، ماہی گیری کے شعبے کی ترقی، آبی زراعت کے فروغ اور سمندری وسائل کے بہتر انتظام کے لیے مؤثر قانون سازی ناگزیر ہے۔
مجوزہ بل کو ان شعبوں میں انتظامی بہتری اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
طویل غور و خوض کے بعد کمیٹی اراکین نے بل سے متعلق اپنی سفارشات پیش کیں اور انہیں مزید غور و خوض اور منظوری کے لیے صوبائی اسمبلی میں زیر بحث لانے کی سفارش کی۔
اجلاس کے اختتام پر چیئرمین قائمہ کمیٹی مولانا ہدایت الرحمٰن نے شرکت کرنے والے اراکین اور متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا۔