Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بلوچستان ہائیکورٹ کا معذور افراد کے حقوق پر عملدرآمد سے متعلق جامع رپورٹ طلب کرنے کا حکم

 کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے معذور افراد کے حقوق، قانونی مراعات اور متعلقہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے حکام سے جامع رپورٹ طلب کرلی، جبکہ درخواست گزاروں کے وکلاء کو رپورٹ کا جائزہ لینے اور اعتراضات پر نظرثانی کے لیے دو ہفتوں کی مہلت دے دی گئی۔

چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے آئینی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو معذور افراد ایکٹ 2007ء پر عملدرآمد، ملازمتوں میں کوٹے، عمر میں رعایت اور تعلیمی سہولیات سمیت قانونی مراعات کی فراہمی سے متعلق تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکلاء نے کمک فنڈ کی تقسیم اور معذور افراد کے لیے مختص رقوم کو ناکافی قرار دیتے ہوئے اعتراضات اٹھائے۔ وکلاء نے تعلیمی معاونت کے لیے فنڈ کا صرف 7 فیصد مختص کیے جانے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔

عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق کمک فنڈ کے تحت بلوچستان میں اب تک تقریباً 34 ہزار معذور افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ فنڈ کا ابتدائی سرمایہ 3 ارب روپے ہے، جبکہ اس سے ماہانہ تقریباً 2 کروڑ 70 لاکھ روپے آمدن متوقع ہے۔ معذور افراد کی ماہانہ مالی معاونت کے لیے 6 ہزار اور 8 ہزار روپے کی رقوم مقرر کیے جانے کی تفصیلات بھی عدالت کے سامنے پیش کی گئیں۔

عدالت نے نجی ہسپتالوں میں معذور افراد کو 50 فیصد رعایت دینے اور دیگر قانونی مراعات پر عملدرآمد کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ اس کے علاوہ متعلقہ حکام کو ملازمتوں میں مخصوص کوٹے، عمر کی حد میں رعایت اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی سے متعلق جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

بلوچستان ہائیکورٹ نے پرائیویٹ ہسپتال ریگولیٹری اتھارٹی، محکمہ تعلیم، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں کو بھی طلب کرلیا تاکہ معذور افراد کے حقوق کے تحفظ اور قانونی سہولیات کی فراہمی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا جاسکے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 16 نومبر 2026ء تک ملتوی کردی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More