قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری کی ڈی آئی جی خضدار عمران قریشی سے ملاقات، امن و امان کی بہتری پر تبادلہ خیال
خضدار: قائد حزب اختلاف بلوچستان اسمبلی اور رکن صوبائی اسمبلی خضدار میر جھالاوان میر یونس عزیز زہری نے ڈی آئی جی خضدار ریجن عمران قریشی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں علاقے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کے تحفظ سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران میر یونس عزیز زہری نے عمران قریشی کو خضدار ریجن میں تعیناتی پر خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر خضدار میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے، عوام کو درپیش مسائل کے حل اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خضدار میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے، درپیش چیلنجز پر غور کرنے اور بہتری کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کی غرض سے جلد ایک اہم اجلاس طلب کیا جائے گا۔
مجوزہ اجلاس میں متعلقہ حکام کی مشاورت سے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات پر غور کیا جائے گا۔