لاہور: پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اسماء عباس نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ کے دوران اپنے والد اور نامور ادیب و صحافی احمد بشیر کی زندگی سے متعلق چند ایسے ذاتی رازوں سے پردہ اٹھایا ہے جن سے مداح پہلے ناواقف تھے۔
انٹرویو کے دوران اسماء عباس نے انکشاف کیا کہ ان کے والد نے حقیقت میں دو شادیاں کی تھیں۔ ان کی پہلی شادی خاندانی پسند کے تحت ایک کزن سے ہوئی تھی، لیکن ان کے والد اس رشتے سے خوش نہیں تھے اور نکاح کے فوری بعد اپنے دوست کے گھر چلے گئے تھے۔
بعد میں اسی دوست کی مدد سے پہلی اہلیہ کو طلاق دی گئی اور انہوں نے اپنی پسند سے (جو کہ خود بھی ایک رشتہ دار تھیں) دوسری شادی کی۔ اسماء عباس کے مطابق ان کے والد ان کی والدہ سے بے پناہ محبت کرتے تھے اور ایک پل بھی ان سے دور نہیں رہ سکتے تھے۔
اسی محبت سے جڑا ایک انوکھا واقعہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جب ان کی بڑی بہن نیلم ادیبہ کی پیدائش کے بعد ان کی والدہ میکے گئیں تو ان کے والد نے فوری واپسی کا اصرار کیا۔ والدہ کے انکار پر والد نے انہیں ڈرانے کے لیے طلاق کی دھمکی دی اور باقاعدہ ایک جعلی نوٹس بھجوا دیا۔ اس دھمکی سے خوف زدہ ہو کر والدہ فوراً گھر لوٹ آئیں، جہاں پہنچ کر ان پر سچ کھلا کہ وہ نوٹس محض ایک ڈراما تھا۔
واضح رہے کہ اسماء عباس کا تعلق ملک کے انتہائی باصلاحیت اور نامور فنکار خاندان سے ہے۔ ان کی بہن بشریٰ انصاری پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ ہیں، جبکہ ان کی دیگر بہنیں نیلم ادیبہ اور مرحومہ سنبل شاہد بھی فنکارانہ صلاحیتوں سے مالا مال تھیں۔ ان کے والد احمد بشیر کا شمار پاکستان کے ممتاز ادیبوں اور صحافیوں میں ہوتا ہے۔
[…] عباس ایک کمسن بیٹی کی والدہ تھیں۔ ان کے انتقال کے بعد اداکارہ میرا نے اپنی بھانجی کی کفالت اور اسے گود لینے کا فیصلہ […]