استنبول: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقدہ ایک اہم بین الاقوامی اجلاس میں شرکت کی ہے، جس میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر پر مشتمل گروپ کے وزرائے خارجہ نے فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کے ساتھ باہمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ترکیہ کی میزبانی میں ہونے والے اس آٹھ رکنی اجلاس کے دوران خلیجی خطے کی موجودہ صورتحال اور اس کے وسیع سماجی و معاشی اثرات کا احاطہ کیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کو درپیش امن و سلامتی کے چیلنجز سے مؤثر طریقے سے نبرد آزما ہونے کے لیے سفارتی روابط کو مزید فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اپنے منصب داروں کو خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی سفارتی کوششوں اور ثالثی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اجلاس کے اختتام پر تمام وزرائے خارجہ نے اس امر پر اتفاق کیا کہ علاقائی امور پر باہمی مشاورت کو جاری رکھنے اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اس نوعیت کے اجلاسوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔