برلن: صدرِ مملکت آصف علی زرداری جرمن صدر کی دعوت پر جرمنی کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپسی کے لیے روانہ ہوگئے۔ برلن ایئرپورٹ پر اعلیٰ جرمن حکام اور سفیرِ پاکستان نے صدرِ مملکت کو الوداع کیا۔
دو دہائیوں سے زائد عرصے کے تعطل کے بعد صدر آصف علی زرداری کا دورۂ جرمنی پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے تناظر میں بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
دورے کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور جرمن صدر کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں پاکستان اور جرمنی کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔
ملاقاتوں میں دوطرفہ سفارتی روابط، باہمی تعاون اور دوستانہ تعلقات کے فروغ کی اہمیت اجاگر ہوئی۔ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے اور مستقبل میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کی راہیں ہموار ہونے کی توقع ہے۔
جرمن قیادت کی جانب سے صدرِ مملکت کی پرتپاک میزبانی کو بھی دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور باہمی روابط کی اہمیت کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
صدر آصف علی زرداری کا یہ دورہ پاکستان اور جرمنی کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر دوطرفہ تعاون کو نئی جہت دینے اور مستقبل میں شراکت داری کے مواقع بڑھانے کی کوششوں کا اہم حصہ ہے۔
[…] اب یورپ کے دیگر ممالک تک پھیل رہی ہے۔ فرانس، اٹلی اور جرمنی میں بھی نوجوان مہنگائی، رہائش کے بڑھتے اخراجات اور […]