Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

اسلام آباد ہائیکورٹ کا شہری کا نام پی سی ایل سے نکالنے کا حکم، حکام کو کل تک کی مہلت

 

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے خارج نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پاسپورٹ این امیگریشن حکام کو کل تک عدالتی حکم پر عمل درآمد کی مہلت دے دی۔

جسٹس اعظم خان نے ریمارکس دیے کہ اگر عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ ہوا تو کل سے توہین عدالت کی کارروائی شروع کر دی جائے گی۔ عدالت نے حکام کو ہدایت کی کہ شہری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکال کر آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔

اس سے قبل عدالت نے عدالتی حکم کے باوجود نام پی سی ایل سے خارج نہ کرنے پر دائر توہین عدالت کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ احمد رضا سرور، ڈی جی ایف آئی اے عثمان انور اور ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کو فوری طور پر ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔

سماعت کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے عدالت کو بتایا کہ شہری کا معاملہ نظرثانی کمیٹی کے زیر غور ہے۔ اس پر جسٹس اعظم خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ عدالتی حکم کے بعد بھی معاملہ کمیٹی میں ہونے کا کیا جواز ہے؟

امیگریشن اینڈ پاسپورٹ حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ مروجہ طریقہ کار ہے اور اسی کے تحت معاملے کا جائزہ لیا جاتا ہے۔

جسٹس اعظم خان نے ریمارکس دیے کہ عدالتی حکم کے بعد کون سا طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے؟ انہوں نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ توہین عدالت کی درخواست آئی تو اس کے نتائج کا سامنا کرنا ہوگا، متعلقہ ڈائریکٹر جنرل کو بھی طلب کیا جائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہری وجاہت حسین کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے رکھا ہے، تاہم اس پر عمل درآمد نہ ہونے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More