مظفرآباد: وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران امیر مقام نے کہا ہے کہ حکومت اور عوام پاکستان مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ جب تک ایک بھی پاکستانی اور کشمیری زندہ ہے، کشمیریوں کی حمایت کا عزم برقرار رہے گا۔ پاکستان ہر محاذ پر کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شبیر احمد شاہ، یاسین ملک اور دیگر کشمیری رہنما بھارتی جیلوں میں قید ہیں، تاہم بھارتی قوانین اور سزائیں کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے کے جذبے کو ختم نہیں کر سکتیں۔
اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے اور اس مسئلے کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق 57 مسلم ممالک نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
غلام محمد صفی نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے دعوؤں کے برعکس مسئلہ کشمیر بدستور حل طلب ہے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا معاملہ عالمی توجہ کا متقاضی ہے۔
حریت رہنما نے اعلان کیا کہ 27 اکتوبر کو ملک بھر میں یومِ سیاہ منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں کراچی، لاہور، پشاور، اسلام آباد، مظفرآباد اور گلگت بلتستان سمیت مختلف شہروں اور علاقوں میں تقریبات اور پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
ان پروگراموں کا مقصد مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا، کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا اور عالمی برادری کی توجہ کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد کی جانب مبذول کرانا ہے۔