Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

تربت یونیورسٹی کے کیمسٹری طلباء کا مکران میڈیکل کالج کا دورہ، بائیو کیمسٹری لیبارٹری سے متعلق آگاہی سیشن

 تربت: جامعہ تربت کے شعبہ کیمسٹری کے طلباء نے مکران میڈیکل کالج کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بائیو کیمسٹری لیبارٹری کے حوالے سے ایک معلوماتی اور انٹرایکٹو اورینٹیشن سیشن میں شرکت کی۔ سیشن کا مقصد طلباء کو لیبارٹری کے جدید آلات، عملی طریقہ کار اور طبی تشخیص میں بائیو کیمیکل تجزیے کے استعمال سے آگاہ کرنا تھا۔

سیشن میں جامعہ تربت کے شعبہ کیمسٹری کے سربراہ ڈاکٹر ظفر علی، ڈاکٹر اسماء حیات اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے، جبکہ مکران میڈیکل کالج کے فیکلٹی ممبر ڈاکٹر صغیر نے سیشن کی میزبانی کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر صغیر نے طلباء کو بائیو کیمسٹری لیبارٹری میں استعمال ہونے والے مختلف آلات، طریقہ کار اور حفاظتی پروٹوکول کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے بائیو کیمیکل تجزیوں کی اہمیت اور طبی تشخیص میں ان کے عملی استعمال پر بھی روشنی ڈالی، جبکہ طلباء کے سوالات کے پیشہ ورانہ انداز میں جوابات دیے۔

شعبہ کیمسٹری کے سربراہ ڈاکٹر ظفر علی نے سیشن کے انعقاد اور طلباء کو عملی تجربات سے روشناس کرانے میں تعاون پر مکران میڈیکل کالج کی انتظامیہ اور ڈاکٹر صغیر کا شکریہ ادا کیا۔

یونیورسٹی ترجمان کے مطابق وائس چانسلر جامعہ تربت پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے طلباء کو عملی سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے پر شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کی کوششوں کو سراہا۔

وائس چانسلر نے علاقائی، قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعلیمی و تحقیقی روابط اور شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے جامعہ تربت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں طلباء کی علمی و عملی صلاحیتوں میں اضافے اور جدید سائنسی علوم سے آگاہی کے لیے اہم ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More