Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بلوچستان میں ماں اور نومولود بچوں کی صحت کے لیے اہم پیش رفت، یو این ایف پی اے نے چین کے تعاون سے تولیدی صحت کی کٹس محکمہ صحت کے حوالے کردیں

 کوئٹہ: بلوچستان میں زچہ و بچہ کی صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بہبودِ آبادی (یو این ایف پی اے) نے حکومتِ چین کے تعاون سے تولیدی صحت کی کٹس محکمہ صحت بلوچستان کے حوالے کردیں۔ طبی سامان کی فراہمی کا مقصد زچگی کے دوران ہنگامی طبی سہولیات اور تولیدی صحت کی خدمات کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں یو این ایف پی اے کی صوبائی سربراہ مسز سعدیہ عطا نے طبی کٹس محکمہ صحت کے حکام کے حوالے کیں۔

 

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر امین مندوخیل اور ماں، نومولود اور بچوں کی صحت کے پروگرام (ایم این سی ایچ) کی صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر گل سبین اعظم نے کٹس وصول کیں، جبکہ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر آصف شاہوانی بھی تقریب میں موجود تھے۔

حکام کے مطابق یہ طبی سامان ضلع خضدار، تربت (کیچ) اور لورالائی میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے مراکز کی ضروریات کے تفصیلی اور شواہد پر مبنی جائزے کے بعد فراہم کیا گیا ہے۔ ان کٹس کے ذریعے زچگی کے دوران ضروری طبی سامان کی دستیابی، ہنگامی زچگی کی نگہداشت اور تولیدی صحت کی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر ایم این سی ایچ پروگرام کی صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر گل سبین اعظم نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کا تحفظ صحت عامہ کے نظام کا بنیادی جزو ہے، جس کے لیے بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی دستیابی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تولیدی صحت کی کٹس متعلقہ اضلاع میں زچگی کے دوران ہنگامی طبی ضروریات پوری کرنے اور صحت کی خدمات کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔

ڈاکٹر گل سبین اعظم کے مطابق دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین اور نومولود بچوں کو معیاری طبی سہولیات تک رسائی فراہم کرنا ایم این سی ایچ پروگرام کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یو این ایف پی اے اور حکومتِ چین کے تعاون سے طبی عملے کی استعداد کار میں اضافے اور زچہ و بچہ کی صحت کے تحفظ کے لیے جاری کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔

صحت حکام نے یو این ایف پی اے اور حکومتِ چین کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات بلوچستان میں صحت کی سہولیات کی اہم ضروریات پوری کرنے، طبی عملے کی استعداد کار بڑھانے اور صوبے کے صحت کے نظام کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر ماں، نومولود اور بچوں کی صحت کے پروگرام کی خدمات اور کوششوں کو بھی سراہا گیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More