Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

گورنر بلوچستان کی زیر صدارت میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے سینیٹ کا پانچواں اجلاس، اہم فیصلے

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے کی سرکاری جامعات میں شفافیت، نظم و ضبط اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کی رینکنگ اور اسکورنگ میں دوگنا بہتری آئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے پانچویں سینیٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس سردار احمد حلیمی، سینیٹر دوستین ڈومکی، صوبائی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ہاشم خان غلزئی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عالم ترین اور دیگر متعلقہ حکام سمیت سینیٹ کے اراکین نے شرکت کی۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ وہ یونیورسٹی سینیٹ کے اجلاسوں میں یکطرفہ فیصلوں کے بجائے اجتماعی دانش اور مشترکہ مشاورت کو ترجیح دیتے ہیں۔

اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ جامعات کو واضح اہداف دیے جاتے ہیں، جبکہ وائس چانسلرز اور پرو وائس چانسلرز کو ان فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے جوابدہ بھی بنایا جاتا ہے۔

انہوں نے میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کی کارکردگی میں بہتری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ادارے نے پیش رفت کی ہے، تاہم اسے مزید مستحکم بنانے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ انہوں نے خصوصی ہدایت کی کہ یونیورسٹی میں تدریسی عملے کی کمی کو 15 روز کے اندر پورا کیا جائے۔

جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ یونیورسٹی کو مزید فعال اور مستحکم بنانے کے لیے دیگر اداروں سے تعاون اور رہنمائی حاصل کرنا ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ سرکاری جامعات کی کارکردگی کی نگرانی کے ساتھ ساتھ انتظامی اور تدریسی عملے کے جائز حقوق اور مراعات کے تحفظ اور فراہمی کے لیے بھی معاونت جاری رکھیں گے۔

گورنر بلوچستان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ کو ہدایت کی کہ معیاری تعلیم کے فروغ کے ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتوں کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے، تاکہ طلبہ معاشرے کی معاشی اور سماجی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

اجلاس کے دوران سینیٹ اراکین کی تجاویز اور سفارشات کی روشنی میں یونیورسٹی کے مختلف امور سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے، جن کا مقصد ادارے کی تعلیمی، انتظامی اور مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
2 تبصرے
  1. […] حکومتِ چین کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات بلوچستان میں صحت کی سہولیات کی اہم ضروریات پوری کرنے، طبی عملے […]

  2. […] بلوچستان بار کونسل نے صوبے کی مختلف بار ایسوسی ایشنز سے 51 وکلاء کو تربیتی پروگرام کے لیے نامزد کیا، جن میں کوئٹہ، تربت، خضدار، پشین، ژوب، چمن، قلات، سبی اور دیگر اضلاع کے وکلاء شامل ہیں۔ […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More