لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو سلام پیش کیا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ 27 اکتوبر مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کا وہ سیاہ دن ہے جو تاریخ کا ایک المناک باب بن چکا ہے۔ ان کے مطابق اس دن کی سیاہی بھارتی قیادت کے چہرے پر نمایاں ہو رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اب صرف کسی ایک ملک کا معاملہ نہیں بلکہ پوری عالمی برادری کا مسئلہ بن چکا ہے۔
پاکستان ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں اور دونوں کو کوئی جدا نہیں کر سکتا۔ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور آئندہ بھی ان کی حمایت جاری رکھے گا۔
مریم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کشمیری عوام کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کرتا رہے گا۔