Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بلاول بھٹو کا یومِ سیاہ کشمیر پر پیغام، کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینے کا مطالبہ

 کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تقریباً آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیری عوام اپنے بنیادی حقِ خودارادیت سے محروم ہیں، جو عالمی ضمیر اور انصاف کے دعوؤں کے لیے ایک مسلسل سوال ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر صرف ایک خطہ نہیں بلکہ لاکھوں انسانوں کی آزادی، شناخت اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حق کا معاملہ ہے۔ کشمیری عوام کی عزتِ نفس اور ان کے بنیادی حقوق کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یومِ سیاہ کشمیر کشمیری عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت کی حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی مسئلہ کشمیر کو پاکستان کے اصولی مؤقف اور خطے میں پائیدار امن کے تناظر میں اجاگر کیا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے واضح کیا کہ ان کی جماعت کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر بیانات سے آگے بڑھتے ہوئے مؤثر اقدامات کریں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل یقینی بنایا جائے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یومِ سیاہ کشمیر پر پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی لازوال قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور آزادی کے لیے ان کی تاریخی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ سرینگر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور یہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کی نوید بنے گا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
2 تبصرے
  1. […] کا کہنا ہے کہ جناح پیپلز ٹرین بھی آج نہیں چلائی جائے گی۔ ٹرین آپریشن کی معطلی […]

  2. […] آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر راجہ ذوالقرنین انتقال کر گئے، ان کی نماز […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More