بلوچستان کے 51 وکلاء کی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات، پیشہ ورانہ تربیت اور نظامِ انصاف کی بہتری پر زور
اسلام آباد: بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 51 وکلاء کے وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ میں ملاقات کی۔ وفد فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے مسلسل قانونی تعلیم کے تربیتی پروگرام میں شرکت کے لیے اسلام آباد آیا ہوا ہے۔
بلوچستان بار کونسل نے صوبے کی مختلف بار ایسوسی ایشنز سے 51 وکلاء کو تربیتی پروگرام کے لیے نامزد کیا، جن میں کوئٹہ، تربت، خضدار، پشین، ژوب، چمن، قلات، سبی اور دیگر اضلاع کے وکلاء شامل ہیں۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وکلاء کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مسلسل قانونی تعلیم بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ وکلاء علم کے حصول کا سلسلہ جاری رکھیں اور اعلیٰ اخلاقی معیارات کی پابندی کریں۔
انہوں نے زور دیا کہ تربیت کے دوران حاصل ہونے والے علم کو عملی قانونی امور میں مؤثر انداز سے استعمال کیا جائے۔ تربیتی پروگرام میں شریک وکلاء فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اور پاکستان کی عدلیہ کے سفیر ہیں، اس لیے انہیں اپنے علم اور تجربے کو دوسرے وکلاء تک بھی منتقل کرنا چاہیے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ نظامِ انصاف پر عوامی اعتماد مضبوط بنانے میں وکلاء کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے وفد کو ملک بھر میں عدالتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
جسٹس یحییٰ آفریدی کے مطابق انصاف تک رسائی ترقیاتی فنڈ کے تحت ملک بھر کے عدالتی کمپلیکسز اور بار رومز میں بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جن میں سولرائزیشن، انٹرنیٹ سے منسلک ای لائبریریز، صاف پینے کے پانی اور خواتین کے لیے مخصوص سہولیات شامل ہیں۔
چیف جسٹس نے بتایا کہ عدالتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے منصوبے بڑی حد تک مکمل ہو چکے ہیں، تاہم تکنیکی مسائل کے باعث چھ عدالتی کمپلیکسز میں کام باقی ہے۔ انہوں نے وکلاء پر زور دیا کہ وہ دستیاب جدید سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے آن لائن تربیتی پروگراموں میں بھی شرکت کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ وکلاء اپنی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں۔ مشکل حالات میں بھی عدالتوں کا فعال رہنا اور انصاف کی فراہمی جاری رکھنا عدالتی اداروں کی مضبوطی کی علامت ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے قانون کی حکمرانی کے لیے جوڈیشل افسران اور وکلاء کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نظامِ انصاف کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل تربیت، پیشہ ورانہ اخلاقیات اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔
[…] بلوچستان کا کہنا تھا کہ حقیقی کامیابی محض اپنے اور اپنے خاندان […]