Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

حوثیوں کا سعودی فوجی طیاروں اور خمیس مشیط اڈے پر حملوں کا دعویٰ، ریاض کی تصدیق سامنے نہ آسکی

 صنعا: یمن کے حوثیوں نے سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ اور خمیس مشیط کے فوجی اڈے پر حملوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائی میں دو فوجی ٹرانسپورٹ طیاروں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم سعودی حکام کی جانب سے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ سعودی عرب کے دو فوجی ٹرانسپورٹ طیاروں پر بیلسٹک میزائل داغے گئے۔

ترجمان کے مطابق ایک طیارے کو نجران ایئرپورٹ جبکہ دوسرے کو خمیس مشیط کے فوجی اڈے پر نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دونوں طیارے تباہ ہوگئے۔ تاہم انہوں نے ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔

دوسری جانب سعودی حکام نے تاحال ان دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا۔ سعودی حکام کی جانب سے اسی روز نجران، خمیس مشیط اور جنوبی علاقوں کے دیگر حصوں میں مختصر دورانیے کے لیے خطرے سے متعلق انتباہات جاری کیے گئے تھے۔

حوثی ترجمان نے بعد ازاں سعودی دارالحکومت ریاض میں وزارتِ دفاع کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا، تاہم اس حملے کی بھی آزادانہ یا سرکاری سطح پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ 25 اکتوبر کو بھی حوثیوں نے ریاض، دمام اور نجران کے ہوائی اڈوں، خمیس مشیط کے فوجی اڈے اور تیل کی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ کیا تھا۔ سعودی عرب نے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کی، تاہم سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے بعض مقامات پر میزائل حملے ناکام بنانے اور میزائلوں کا ملبہ گرنے کے واقعات کی اطلاع دی تھی۔

خطے میں ایران سے متعلق جنگ کے اثرات پھیلنے کے بعد سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافے کی اطلاعات ہیں۔ سعودی عرب یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرتا ہے، جبکہ حوثی دارالحکومت صنعا سمیت ملک کے وسیع علاقوں پر قابض ہیں۔ حالیہ کشیدگی کے دوران سرحد پار حملوں میں دوبارہ شدت آنے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More