Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

فائنل میں پاکستان اپنی بہترین کرکٹ کھیلے گا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن پُرامید

 لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ پاکستان نے اب تک اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی، تاہم امید ہے کہ ٹیم تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے فائنل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

پی سی بی ڈیجیٹل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ پاکستان نے مسلسل تین میچز جیت کر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ اہم کھلاڑیوں کی بڑی انفرادی کارکردگی کے بغیر مسلسل فتوحات حاصل کرنا ٹیم کے لیے حوصلہ افزا ہے، جبکہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران مجموعی کارکردگی بھی اطمینان بخش رہی ہے۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے ٹاپ تھری میں ملک کے دو عظیم بلے باز شامل ہیں، جن سے بڑے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کی توقع کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹاپ آرڈر کی جانب سے بڑی اننگز نہ آنے کے باوجود میچز جیتنا مثبت پیش رفت ہے، تاہم فائنل میں اہم بیٹرز کے پاس میچ وننگ اننگز کھیلنے کا بہترین موقع ہوگا۔

مائیک ہیسن نے مڈل آرڈر میں سلمان علی آغا کی کارکردگی کو غیر معمولی قرار دیا، جبکہ حسن نواز کی بیٹنگ میں آنے والی بہتری کو بھی سراہا۔ ان کے مطابق کھلاڑیوں کی کارکردگی میں تسلسل ٹیم کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔

بولنگ کے شعبے پر بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی ابتدائی اوورز میں وکٹیں حاصل کرنا پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے۔ نسیم شاہ اور حارث رؤف نے بھی ٹورنامنٹ میں اچھی بولنگ کی ہے، جبکہ نوجوان کرکٹر عرفات منہاس کی کارکردگی میں بھی بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔

سری لنکا کے خلاف آخری لیگ میچ میں بیٹنگ کے حوالے سے مائیک ہیسن نے اعتراف کیا کہ ٹیم توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکی۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی فائنل میں بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے بھرپور انداز میں واپسی کریں گے۔

شائقین کرکٹ کی حمایت کو سراہتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ پوری سیریز کے دوران تماشائیوں نے قومی ٹیم کا بھرپور ساتھ دیا۔ لاہور اور راولپنڈی کے شائقین کی حوصلہ افزائی ہمیشہ قابلِ قدر رہی ہے اور انہیں امید ہے کہ فائنل میں شائقین کو معیاری کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا فائنل ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے مسلسل تین فتوحات حاصل کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے، جبکہ قومی ٹیم کی نظریں ٹائٹل اپنے نام کرنے پر مرکوز ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] الطاف نے پاکستان میں خواتین کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More