Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان چائنا فرینڈشپ ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب، مفت علاج کی فراہمی کا اعلان

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان چائنا فرینڈشپ ہسپتال کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور کہا کہ یہ ہسپتال پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی اور باہمی تعاون کی نمایاں علامت ہے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین نے کورونا وبا کے دوران پاکستان کو یہ ہسپتال تحفے میں دیا تھا، تاہم وبا کے خاتمے کے بعد ہسپتال کا بند رہنا انتہائی افسوسناک اور مجرمانہ غفلت تھی۔

شہباز شریف نے اعلان کیا کہ ہسپتال کے تمام اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی اور مریضوں کو یہاں مکمل طور پر مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے مریض اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انڈس ہسپتال کی انتظامیہ نے سالانہ اخراجات اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مناسب رعایت دی ہے، جبکہ ادارہ غیر منافع بخش بنیادوں پر طبی خدمات انجام دے رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان چائنا فرینڈشپ ہسپتال کا نام مستقل طور پر برقرار رکھا جائے گا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں عوام اور دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی قومی خدمت نہیں، جبکہ عوام کی خدمت کرنے والوں کو ہمیشہ دعائیں ملتی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے کہا کہ پاکستان چائنا فرینڈشپ ہسپتال وزیراعظم شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور سرپرستی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے ہسپتال کو پاک چین دوستی کے نام سے منسوب کرنے کے اقدام کو سراہا۔

چینی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جبکہ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا دوسرا مرحلہ پاکستان کی معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کے اختتام پر پاک چین دوستی زندہ باد کا نعرہ لگایا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More