گورنر بلوچستان کا ژوب کو جدید تعلیم کا مرکز بنانے اور شہر میں مکمل یونیورسٹی کے قیام کے عزم کا اظہار
کوئٹہ، 29 اکتوبر: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بیوٹمز یونیورسٹی ژوب کیمپس کے دو ہونہار طلبہ نے سخت قومی مقابلے کے بعد فل فنڈڈ اسکالرشپس حاصل کرلی ہیں، جبکہ اسی کیمپس کے 14 طلبہ نے پبلک سروس کمیشن کے مقابلے کے امتحان میں نمایاں نمبروں سے کامیابی حاصل کی ہے۔
گورنر بلوچستان نے ان کامیابیوں کو باعثِ مسرت و افتخار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ثناء اللہ اور محمد اخلاص چین میں اعلیٰ تعلیم حاصل کریں گے، جہاں وہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور سائبر سیکیورٹی جیسے جدید شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں بیوٹمز ژوب کیمپس کے فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر طلبہ نے مختلف سوالات کیے، جن کے گورنر بلوچستان نے تفصیلی جوابات دیے۔
جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ یہ کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر نوجوانوں کو معیاری تعلیم، مناسب مواقع اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تو وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔ انہوں نے کیمپس کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالسلام لودھی اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ ژوب کیمپس میں داخلہ فیس کم کرنے کے فیصلے کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور گزشتہ سال کے مقابلے میں طلبہ و طالبات کی تعداد دگنی ہوگئی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تعلیم کو سستا اور قابلِ رسائی بنانے سے نوجوانوں کیلئے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کامیابیوں سے ژوب ڈویژن کو جدید تعلیم کا مرکز بنانے کا عزم مزید مضبوط ہوا ہے۔ مقصد صرف یونیورسٹی کیمپس چلانا نہیں بلکہ ایسا تعلیمی ماحول تشکیل دینا ہے جہاں جدید علوم، سائنسی تحقیق، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ حاصل ہو۔
جعفر خان مندوخیل نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب ژوب شہر میں ایک جدید اور مکمل یونیورسٹی قائم ہوگی، جو نہ صرف ژوب ڈویژن بلکہ پورے خطے کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید تحقیق اور بہتر مستقبل کے مواقع فراہم کرے گی۔
گورنر بلوچستان نے مزید یقین دہانی کرائی کہ بیوٹمز ژوب کیمپس کی خواتین اسٹاف اور طالبات کیلئے دو کوسٹرز، چین میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے مزید اسکالرشپس اور کھیلوں کی جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بالخصوص خواتین کو محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم پر سرمایہ کاری دراصل نوجوانوں کے مستقبل، معاشرتی ترقی اور پورے خطے کی خوشحالی پر سرمایہ کاری ہے۔ ژوب کو جدید تعلیم کا مرکز بنانے کا خواب بتدریج حقیقت میں تبدیل ہو رہا ہے۔