Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

یوٹیلیٹی تنصیبات کی منتقلی میں تاخیر، سندھ حکومت کا متعلقہ اداروں سے فوری اقدامات کا مطالبہ

 کراچی: سندھ حکومت نے سڑکوں کی تعمیر اور توسیعی منصوبوں میں رکاوٹ بننے والی بجلی، گیس اور دیگر یوٹیلیٹی تنصیبات کو فوری طور پر منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وفاقی اداروں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ متعلقہ وفاقی اداروں کی غفلت کے باعث عوامی ترقیاتی منصوبوں کی رفتار متاثر ہو رہی ہے۔ حیسکو اور سیپکو کو سڑکوں پر نصب بجلی کے کھمبوں کی منتقلی کے لیے ادائیگیاں کی جا چکی ہیں، تاہم اس کے باوجود کھمبے تاحال اپنی جگہ موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سکھر میں سڑک سے بجلی کے کھمبے ہٹانے کے لیے پانچ سال قبل رقم ادا کی گئی تھی، لیکن اب تک اس معاملے پر پیش رفت نہیں ہو سکی۔ حیسکو، سیپکو، کے الیکٹرک، سوئی سدرن گیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت عوامی فلاح کے ترقیاتی منصوبوں پر بھاری سرمایہ خرچ کر رہی ہے، لیکن یوٹیلیٹی تنصیبات کی منتقلی میں تاخیر ان منصوبوں کی بروقت تکمیل میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہے۔

صوبائی وزیر نے نشاندہی کی کہ سڑکوں پر موجود بجلی کے کھمبے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر کرتے ہیں بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھاتے ہیں۔ اسی طرح گیس اور دیگر یوٹیلیٹی تنصیبات بھی سڑکوں کی تعمیر اور کشادگی کے کام میں مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاوضے کی ادائیگی کے باوجود تنصیبات منتقل نہ کرنا تشویش کا باعث ہے، متعلقہ ادارے اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔

شرجیل انعام میمن کے مطابق ریڈ لائن منصوبے میں تاخیر کی وجوہات میں یوٹیلیٹی تنصیبات اور بجلی کے کھمبوں کو متبادل مقامات پر منتقل کرنے میں سست روی بھی شامل رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل تنصیبات ہٹانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ حکومت عوامی مفاد کے منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے، وفاقی ادارے بھی تعاون کریں اور سڑکوں پر موجود کھمبوں سمیت تمام یوٹیلیٹی تنصیبات کی منتقلی کا عمل فوری مکمل کریں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More