Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

وزیراعلیٰ ہاؤس پر چھاپے کی خبریں بے بنیاد، کوئی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا: شاہد رند

 کوئٹہ:   وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے وزیراعلیٰ ہاؤس پر چھاپے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں اور افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں من گھڑت اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں شاہد رند نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جس میں کوئی صداقت نہیں۔ وزیراعلیٰ سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد ہیں، نہ ایسا کوئی واقعہ پیش آیا اور نہ ہی وزیراعلیٰ ہاؤس پر کسی قسم کا چھاپہ مارا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی کردار کشی کے لیے منظم انداز میں جھوٹا اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی بہتر کارکردگی سے خائف عناصر صوبے میں بے یقینی اور عدم اعتماد کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

شاہد رند کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر سوشل میڈیا کو منفی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہوئے حکومت کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

معاون وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے رجوع کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلانے اور شخصیات کی کردار کشی میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ منظم جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More