واشنگٹن: امریکی صحافی ٹکر کارلسن نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دباؤ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف جوہری حملے کا آپشن استعمال کر سکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں ٹکر کارلسن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی انتخابی نتائج سے پریشان نیتن یاہو کو اپنی سیاسی مشکلات سے نکلنے کے لیے ایک بار پھر ٹرمپ اور جنگ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی وزیراعظم ایران پر حملے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ میں اپنے قریبی ساتھیوں پر بھرپور دباؤ ڈال رہے ہیں۔
ٹکر کارلسن کے مطابق ایران میں پہاڑوں کے اندر واقع زیرِ زمین سرنگوں تک رسائی کے لیے امریکا کے روایتی ہتھیار مؤثر ثابت نہیں ہو سکتے، جس کے باعث جوہری حملے کا امکان زیرِ غور آ سکتا ہے۔
امریکی صحافی نے خدشہ ظاہر کیا کہ نیتن یاہو کے دباؤ کے نتیجے میں ٹرمپ انتظامیہ ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکا نے ایران کا جوہری پروگرام تباہ کر دیا ہے، تاہم ایک یا دو مقامات اب بھی باقی ہیں، جن سے نمٹنے میں صرف 10 منٹ لگ سکتے ہیں۔