پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کی جیلوں کو صرف سزا دینے کے مراکز تک محدود رکھنے کے بجائے اصلاح اور بحالی کے اداروں میں تبدیل کرنا ہوگا، جہاں قیدیوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبے کی جیلوں میں اصلاحات اور جیل انتظامیہ و عملے کو درپیش مسائل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر جیل خانہ جات و داخلہ کفایت اللہ، آئی جی جیل خانہ جات ریحان گل خٹک اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قیدیوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ، معیاری طبی سہولیات اور بہتر ماحول کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔
قیدیوں کو تعلیم اور فنی تربیت دے کر معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات نے جیلوں میں جاری اصلاحاتی اقدامات، پریزن انڈسٹری، ڈیجیٹلائزیشن، قیدیوں کی گنجائش، ورچوئل کورٹس، ماڈل انٹرویو رومز اور طبی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
حکام نے بتایا کہ خیبرپختونخوا پریزن اینڈ کریکشن ایکٹ 2026 کے ترمیمی ایکٹ کو قانونی جانچ پڑتال کے لیے محکمہ قانون ارسال کر دیا گیا ہے، جبکہ صوبے کی جیلوں میں قیدیوں کا ڈیٹا مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے۔
بریفنگ کے مطابق صوبے کی 11 جیلوں میں ورچوئل کورٹس اور پانچ جیلوں میں ماڈل انٹرویو رومز قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پشاور، مردان اور ہری پور کی جیلوں میں قیدیوں کی فنی تربیت اور بحالی کے لیے پریزن انڈسٹری بھی شروع کی گئی ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ ہر ضلع میں قیدیوں کے تشخیصی ٹیسٹوں کے لیے لیبارٹریوں کے ساتھ اشتراک عمل کو فروغ دیا جائے، جبکہ صوابی اور ڈیرہ اسماعیل خان کی جیلوں کی تعمیر کے دوسرے مرحلے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جیل خانہ جات کے ترقیاتی اور اصلاحاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
[…] حکام کے مطابق پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس آج کوئٹہ سے روانہ نہیں ہوگی، […]