لاہور: چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کراچی کو لڑکیوں کے لیے جیل قرار دینے والی اداکارہ حنا الطاف کو لاہور آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں خواتین کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
اداکارہ حنا الطاف نے چند روز قبل لندن میں سڑکوں پر واک کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے کراچی واپسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ لندن میں آخری بار ناشتہ کر لوں، کیونکہ اس کے بعد دوبارہ کراچی کی جیل میں قید ہونا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں لڑکیاں آزادی کے ساتھ زندگی نہیں گزار سکتیں اور یہاں تک کہ سڑکوں پر چلنا بھی مشکل ہے۔
حنا الطاف کے اس بیان پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے اداکارہ کی ویڈیو دیکھی ہے، جس کے ذریعے کراچی میں خواتین کو درپیش تحفظ کے مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے۔
حنا پرویز بٹ نے اداکارہ کو لاہور آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں خواتین کا تحفظ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
حکومت کا مقصد ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں خواتین بلا خوف و خطر آزادی اور اعتماد کے ساتھ نقل و حرکت کر سکیں اور انہیں ہراسانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لندن کے مقابلے میں خواتین خود کو لاہور میں زیادہ محفوظ محسوس کرتی ہیں، یہاں کسی خاتون کو تشدد یا ہراسانی کا نشانہ نہیں بنایا جا سکتا۔