کوئٹہ: بیوٹمز کے بیرون ملک پی ایچ ڈی کیلئے بھیجے گئے 63 اساتذہ میں سے صرف 12 واپس آئے، پی اے سی اجلاس میں اہم انکشاف
کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) کی جانب سے پی ایچ ڈی کے لیے بیرون ملک بھیجے گئے 63 اساتذہ میں سے صرف 12 مقررہ مدت میں واپس آئے، جبکہ دیگر اساتذہ کی جانب سے معاہدوں کی خلاف ورزی کے باوجود اسکالرشپ کی رقم اور جرمانوں کی وصولی نہیں کی جا سکی۔
بلوچستان اسمبلی کی نئی عمارت کے کمیٹی بلاک میں واقع کمیٹی روم نمبر 43 میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا پہلا اجلاس چیئرمین اصغر علی ترین کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مالیاتی بے ضابطگیوں، سرکاری حسابات میں فرق اور مختلف محکموں کے آڈٹ اعتراضات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمیٹی اراکین رحمت صالح بلوچ، ولی محمد نورزئی اور زابد علی ریکی سمیت متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے پہلے سیشن میں اکاؤنٹنٹ جنرل بلوچستان کی سرٹیفکیشن آڈٹ رپورٹ زیر بحث آئی۔ سیکرٹری خزانہ کی ابتدائی طور پر عدم موجودگی پر چیئرمین اور اراکین نے برہمی کا اظہار کیا، جبکہ رحمت صالح بلوچ نے مؤقف اختیار کیا کہ اہم مالیاتی معاملات پر ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری خزانہ کی موجودگی ناگزیر ہے۔ بعد ازاں سیکرٹری خزانہ محمد جہانگیر کاکڑ اجلاس میں شریک ہوئے اور کمیٹی کو بریفنگ دی۔
اجلاس میں سرکاری مالیاتی گوشواروں اور بینک ریکارڈ کے درمیان اربوں روپے کے فرق کا معاملہ سامنے آیا۔ حکام کے مطابق 30 جون 2023ء تک مالیاتی گوشواروں میں متعلقہ کھاتوں کا بیلنس 23 ارب 6 کروڑ روپے سے زائد تھا، جبکہ اسٹیٹ بینک کے ریکارڈ میں یہ رقم تقریباً 15 ارب 29 کروڑ روپے ظاہر کی گئی، جس سے تقریباً 7 ارب 71 کروڑ روپے کا فرق سامنے آیا۔
آڈٹ حکام نے بتایا کہ اس فرق کی بنیادی وجوہات میں مالیاتی ریکارڈ کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونا، غیر ادا شدہ چیکس کی بروقت اندراج نہ ہونا اور اسٹیٹ بینک و نیشنل بینک کے ساتھ اکاؤنٹس کی باقاعدہ مطابقت نہ کرنا شامل ہیں۔
چیئرمین پی اے سی اصغر علی ترین نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ تمام مالیاتی کھاتوں کی باقاعدگی سے جانچ اور ریکارڈ کی مطابقت یقینی بنانے کے لیے مستقل نظام قائم کیا جائے۔ سیکرٹری خزانہ نے یقین دہانی کرائی کہ اکاؤنٹنٹ جنرل، اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک کے تعاون سے ضلعی سطح پر مالیاتی ریکارڈ کی مطابقت کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران اراکین کمیٹی زابد علی ریکی، ولی محمد نورزئی اور رحمت صالح بلوچ نے شکایت کی کہ محکمہ خزانہ سمیت مختلف سرکاری محکمے پی اے سی کی ہدایات پر مؤثر عملدرآمد نہیں کر رہے۔ چیئرمین نے تمام متعلقہ حکام کو آڈٹ اعتراضات اور زیر التوا معاملات ڈیڑھ ماہ کے اندر نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ مقررہ مدت میں عملدرآمد نہ ہونے پر ذمہ دار افسران کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس کے دوسرے سیشن میں بیوٹمز سے متعلق آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ اور یونیورسٹی کے دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔
آڈٹ حکام نے بتایا کہ یونیورسٹی نے 63 لیکچررز اور اسسٹنٹ پروفیسرز کو بیرون ملک پی ایچ ڈی کی تعلیم کے لیے اسکالرشپس فراہم کیں، تاہم مقررہ مدت میں صرف 12 اساتذہ واپس آئے۔ باقی اسکالرز کی جانب سے معاہدوں کی خلاف ورزی کے باوجود 11 کروڑ 85 لاکھ 45 ہزار روپے کی واجب الادا رقم اور مقررہ جرمانوں کی وصولی کا معاملہ حل نہیں ہو سکا۔
حکام کے مطابق متعلقہ پالیسی کے تحت معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے اسکالرز سے اسکالرشپ پر خرچ ہونے والی رقم کے علاوہ 25 فیصد تک جرمانہ بھی وصول کیا جا سکتا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے کمیٹی کو بتایا کہ غیر حاضر اسکالرز سے بانڈ کی رقم ایک سال کے اندر اقساط میں وصول کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ اس سلسلے میں ایف آئی اے، متعلقہ ممالک کے سفارت خانوں اور غیر ملکی جامعات سے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں۔
انتظامیہ نے مزید بتایا کہ مستقبل میں اسکالرشپس اور اسٹڈی لیو کے لیے ڈالر کی قدر کے مطابق بانڈ، سرکاری ملازمین کو بطور ضامن نامزد کرنے اور جائیداد کی ضمانت جیسی شرائط کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ کمیٹی نے یونیورسٹی حکام سے اس معاملے پر مزید وضاحت طلب کرتے ہوئے سرکاری وسائل کے تحفظ اور معاہدوں پر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا۔
بیوٹمز سے متعلق ایک اور آڈٹ اعتراض میں اضافی چارج الاؤنس کی مد میں 36 لاکھ 4 ہزار روپے کی زائد ادائیگی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق 2019ء سے 2021ء کے دوران مالیاتی قواعد کے تحت قابل ادائیگی 22 لاکھ 95 ہزار روپے کے مقابلے میں 58 لاکھ 99 ہزار روپے ادا کیے گئے، جس سے سرکاری خزانے پر 36 لاکھ 4 ہزار روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ اس معاملے میں بعد از وقت منظوری حاصل کر لی گئی ہے۔ تاہم کمیٹی نے مالیاتی قواعد کی پابندی اور ادارے کے اندر مالیاتی نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اصغر علی ترین نے کہا کہ سرکاری اداروں اور تعلیمی جامعات میں مالیاتی شفافیت اور عوامی وسائل کا تحفظ اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آڈٹ اعتراضات کے ازالے، سرکاری رقوم کی وصولی اور ذمہ داران کے تعین کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ قومی خزانے کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔
[…] کوئٹہ پولیس نے سال 2026 کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مختلف […]