Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

سبی: بلوچستان میں ڈیجیٹل اسکول مردم شماری 2026-27 کا آغاز، تمام سرکاری اسکولوں کا ریکارڈ آن لائن مرتب کیا جائے گا

 سبی: بلوچستان کے محکمہ تعلیم نے تعلیمی اداروں کا مستند ڈیجیٹل ڈیٹا مرتب کرنے کے لیے ڈیجیٹل اسکول مردم شماری 2026-27 کا آغاز کر دیا ہے، جو 2 نومبر سے 14 نومبر 2026 تک جاری رہے گی۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سبی عبدالستار لانگو کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں سبی اور لہڑی کے محکمہ تعلیم کے افسران اور اسکول سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن میل سبی عبدالنبی پیچوہا، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن میل لہڑی لیاقت علی لغاری، ڈپٹی ڈی ای او سبی طارق الماس، آر ٹی ایس ایم کوآرڈینیٹر مرزا اطہر بیگ سمیت مرد و خواتین افسران اور مختلف سرکاری اسکولوں کے سربراہان شریک ہوئے۔ شرکاء کو ڈیجیٹل اسکول مردم شماری کے طریقہ کار، افادیت اور معلومات کے درست اندراج سے متعلق تفصیلی آگاہی دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس مہم کے تحت ضلع بھر کے تمام سرکاری اسکولوں کا جامع اور مستند ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کیا جائے گا،

جس میں طلبہ کے داخلوں، اساتذہ اور دیگر عملے کی تعداد، حاضری، تعلیمی قابلیت، اسکولوں کی عمارتوں، بنیادی سہولیات، فرنیچر اور دستیاب وسائل سمیت تمام ضروری معلومات شامل ہوں گی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سبی عبدالستار لانگو نے کہا کہ ڈیجیٹل اسکول مردم شماری تعلیمی نظام کو بہتر بنانے، مستقبل کی مؤثر منصوبہ بندی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے انتہائی اہم اقدام ہے۔ انہوں نے تمام ہیڈ ٹیچرز اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ مقررہ مدت کے اندر درست اور مکمل معلومات EMIS ڈیجیٹل پورٹل پر اپ لوڈ کی جائیں تاکہ ڈیٹا میں کسی قسم کی غلطی یا کوتاہی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ مستند ڈیجیٹل معلومات کی دستیابی سے اسکولوں کو درپیش مسائل، اساتذہ کی کمی، طلبہ کے داخلوں اور بنیادی سہولیات کی صورتحال کا بہتر انداز میں جائزہ لیا جا سکے گا، جس کی روشنی میں تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ممکن ہوگا۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام سرکاری اسکولوں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 14 نومبر 2026 تک مردم شماری کا عمل مکمل کرتے ہوئے مطلوبہ معلومات کی فراہمی اور آن لائن اندراج یقینی بنائیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More