ایلون مسک کے انتخابی مہمات پر 44 کروڑ ڈالر خرچ، بھاری سرمایہ کاری بھی ریپبلکنز کو کامیابی نہ دلا سکی
واشنگٹن: دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی امریکی وسط مدتی انتخابات میں بھاری مالی معاونت بھی ریپبلکن امیدواروں کیلئے خاطر خواہ انتخابی نتائج حاصل کرنے میں مددگار ثابت نہ ہو سکی۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایلون مسک نے انتخابی مہمات اور سیاسی سرگرمیوں پر مجموعی طور پر 44 کروڑ 60 لاکھ ڈالر خرچ کیے، جن میں سے زیادہ تر رقم ریپبلکن امیدواروں اور ان کی حمایت کرنے والی انتخابی کمیٹیوں کو فراہم کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق مسک کی اپنی سیاسی کمیٹی بھی کروڑوں ڈالر کی فنڈنگ حاصل کرنے والوں میں شامل رہی، جبکہ انہوں نے سینیٹ اور ایوان نمائندگان کے ریپبلکن انتخابی گروپس کو بھی بھاری مالی معاونت فراہم کی۔
ایلون مسک نے اپنی انتخابی سرمایہ کاری کیلئے ٹیکساس کو خصوصی اہمیت دی، جہاں ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مرکزی دفاتر قائم ہیں۔ انہوں نے صرف ستمبر کے دوران ریپبلکن سینیٹ کمیٹی کو 15 کروڑ 80 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔
یہ رقم ٹیکساس کے ریپبلکن امیدوار کین پیکسٹن کی حمایت کرنے والی کمیٹی کو دی گئی، جبکہ مسک کی سیاسی کمیٹی نے ڈیموکریٹک امیدوار کے خلاف انتخابی مہم پر 4 کروڑ 70 لاکھ ڈالر خرچ کیے۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایلون مسک نے ٹیکساس میں انتخابی سرگرمیوں پر مجموعی طور پر 22 کروڑ 40 لاکھ ڈالر خرچ کیے، تاہم اتنی بڑی مالی معاونت کے باوجود ریپبلکن امیدواروں کو ان کی توقعات کے مطابق انتخابی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔