اسلام آباد: پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انسدادِ دہشت گردی سے متعلق دوطرفہ مذاکرات کا انعقاد ہوا، جس میں علاقائی اور عالمی سکیورٹی صورتحال، دہشت گرد تنظیموں سے درپیش خطرات اور خطے میں امن و استحکام کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل کاؤنٹر ٹیررازم ڈاکٹر فریحہ بگٹی نے کی۔ مذاکرات کے دوران برطانوی وفد نے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کی۔
برطانوی وفد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور اس کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے وفود نے خطے اور عالمی سطح پر سکیورٹی کی صورتحال پر تعمیری گفتگو کی، جبکہ دہشت گرد تنظیموں، بالخصوص سرحد پار سرگرم نیٹ ورکس سے لاحق خطرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
مذاکرات میں افغانستان کے اندر اور وہاں سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کے خطرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ دونوں فریقین نے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے لیے پاکستان کی کوششوں اور خدمات کا اعتراف کیا۔
[…] نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکنان اور عہدیداران پارٹی کا […]